اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق داعش دہشت گرد گروہ نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں کرد آبادی والے شہر کوبانی میں اگرچہ شکست کا منھ دیکھنا پڑا ہے تاہم وہ ایک بار پھر اس شہر پر حملہ کریں گے- داعش کے ایک رکن نے ویڈیو ٹیپ میں اعلان کیا ہے کہ داعش شام کے شہر کوبانی میں کرد ملیشیا کو شکست دے گا۔ واضح رہے کہ شام کے کرد عوام نےگذشتہ ہفتے چھبیس جنوری کو شہر کوبانی یا عین العرب ميں داعش دہشت گردوں کے خلاف سخت جنگ کرتے ہوئے سرانجام کوبانی سے دہشت گردوں کو باہر نکال دیا۔ ستمبر دو ہزار چودہ سےاب تک کوبانی میں داعش کے ایک ہزار سے زائد افردا مارے گئے ہیں - چار مہینے تک دن و رات کی گھمسان کی جنگ کے بعد شام کے شہر کوبانی سے داعش کا فرار اس گروہ کے لئے انتہائی ذلت آمیز شکست ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ داعش کے لۓ شام میں یہ بدترین شکست ہے اور داعش گروہ اسٹریٹجک اہمیت کے حامل شہر کوبانی کو اپنے ہاتھ سے کھونے کے بعد زمینی حدود کے اعتبار سے سخت ناکامی سے دوچار ہوا ہے۔ دوسری جانب شامی فوج نے صوبۂ ادلب کے مضافات میں واقع جبل اربعین علاقے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ المیادین ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق مسلح گروہوں نے پہلے جبل اربعین میں شامی فوج پر بڑا حملہ کیا- مسلح گروہ "صقور الشام " کے سرغنہ ابو عیسی شیخ کے بقول اس کے افراد نے پانچ سو ہینڈ گرینیڈ کے ذریعے حملہ کیااور میزائلوں کا بھی استعمال کیا جبکہ ایک سرنگ کو بھی دھماکےسے اڑا دیا- شامی فوج نے کہا ہے اسے دہشت گردوں کی جانب سے سعودی محل کی جانب سرنگ کھودے جانے کی اطلاع مل گئی تھی اسی لئے اس نے اس عمارت کو خالی کردیا تھا۔ شامی فوج نے مسلح عناصر کے ان حملوں کے جواب میں طیاروں اور توپخانوں کے ذریعے شدید حملے کئے جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو پسپائی اختیار کرنی پڑی – شامی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی جوابی کاروائي میں کم از کم پچاس مسلح دہشت گرد ہلاک اور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے جن میں مختلف ملکوں کےدہشت گرد شامل ہیں- اس کے علاوہ پندرہ مسلح افراد لاپتہ بھی ہوگئے ہیں کہ جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ انہیں شامی فوج نے گرفتار کرلیا ہے-
.......
/169